لاہور اور شیخوپورہ میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری
لاہور اور شیخوپورہ میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری جبکہ راولپنڈی ، گوجرانولا ڈویژن، اسلام آباد اور گرد و نواح میں بارش ہوئی، کشمیر ، گلگت بلتستان، مالا کنڈ، ہزارہ سمیت بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، شدید برف باری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
مری میں سیاحوں کی بڑی تعداد موسم کو انجوائے کررہی ہے۔ لوئر دیر، مالم جبہ اور باجوڑ کے پہاڑوں پر برف باری دیکھنے بڑی تعداد میں سیاح پہنچ گئے۔
اپر ہزارہ ڈویژن میں شاہراہ قراقرم اور شاہراہ کاغان متعدد مقامات پربند اور بجلی معطل ہے۔
شانگلہ ٹاپ پرکئی گاڑیاں پھنس گئی ہیں ۔ ادھر نتھیاگلی میں پھنسے سیاحوں کو پاک آرمی،پاک فضائیہ،کوئیک ریلیف فورس کے اہلکاروں نے ریسکیو کرلیا۔
چلاس میں لینڈسلائیڈنگ سے دوموٹرسائیکل سوار اور ایبٹ آباد میں مکان پرتودہ گرنے سے ماں اور اس کے دو بچے جاں بحق ہوگئے۔
غذر میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا لیکن رابطہ سڑکیں بند ہیں۔
آزادکشمیر میں بارش اور مسلسل برف باری کے باعث پہاڑوں سے برف کھسکنے کا عمل شروع ہوگیا ہے ، وادی گریس میں 5فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ راستے بندہونے کے باعث لوگ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں۔